Advertisement

ہاں! ہم مصباحی ہیں (دعوت فکر) از محمد اشفاق عالم امجدی علیمی

ہاں! ہم مصباحی ہیں (دعوت فکر) از محمد اشفاق عالم امجدی علیمی

ہاں! ہم مصباحی ہیں (دعوت فکر)


راقم الحروف: محمد اشفاق عالم امجدی علیمی (بچباری آبادپور کٹیہار)
فضیلت سال اخیر، جامعہ علیمیہ جمداشاہی (بستی یوپی)


میں سب سے پہلے ان تمام بھائیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں جو جامعہ اشرفیہ (مصباح العلوم) کی چہار دیواری میں محدود رہ کر اپنے شب و روز گزار رہے ہیں بلاشبہ آپ لائق صد مبارکباد اور قابل تحسین ہے کہ آپ اپنا قیمتی وقت حصول علم کے لیے صرف کر رہے ہیں، جوکہ ایک بہترین اور افضل ترین عبادت کا حصہ ہے۔
ہرذی شعور فرد دینی مدارس کی عظمت و اہمیت کو سمجھتاہے رب قدیر نے جن کو عقل سلیم اور فہم صحیح کی دولت سے نوازا ہے وہ ان مدارس کی عزت وقار بھی کرتے ہیں اور ان کے وجود کو ایک عظیم نعمت تصور کرتے ہیں۔
بلاشبہ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ ان مدارس نے  دین اسلام کی حفاظت میں بڑا قابل قدر کردار ادا کیا ہے اور تعلیمات اسلامی کی اشاعت میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔
دنیا کے ہنگاموں میں خاموش لیکن ٹھوس انداز میں یہ مدارس خدمت دین میں نہایت یکسوئی کے ساتھ مصروف ہیں، معاشرے کی بنیادی دینی ضرورتوں کی تکمیل اور صالح معاشرے کی تشکیل میں شب و روز لگے ہوئے ہیں۔
سرد و گرم حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے شیریں وتلخ مرحلوں سے گزرتے ہوئے موج بلاخیز کے تیز و تند تھپڑوں سے نبرد آزماتے  ہوئے اور باد مخالف کے سامنے سینہ سپرہوتے ہوئے انسانیت کی تعمیر، افراد کی تیاری اور تحفظ دین کے لیے ہمہ وقت مصروف ہیں انہیں میں ایک چمکتا ہوا نام الجامعتہ الاشرفیہ مبارکپور سرفہرست ہے۔
چنانچہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور اعظم گڑھ برصغیر میں مسلمانان اہل سنت وجماعت کی سب سے عظیم الشان درسگاہ ہے۔
یہ تعلیمی ادارہ امام اہل سنت اعلی حضرت امام احمد رضا قادری علیہ الرحمۃ والرضوان کے عقائد ونظریات کا پابند، سرکار حافظ دین و ملت نور اللہُ مرقدہ کی خوابوں کی تعبیر ہے۔ یہ شخصی ادارہ نہیں بلکہ اہل سنت وجماعت کا جماعتی ادارہ ہے۔

کون جامعہ اشرفیہ؟

ہاں ہاں! وہ جامعہ اشرفیہ جو ملت اسلامیہ کی آرزوؤں کا نشیمن ہے۔ بے شمار علما، فضلا، فقہا، نقبا، صلحا، شعرا، مدرسین، محدثین، مفکرین، مناظرین، مصنفین، مؤلفین، محققین، مفسرین، مقررین کا مرکز و محور ہے۔
باوقار قائدین و عمائدین کی امنگوں کی جولان گاہ ہے، جو بالخصوص سرکار مفتی اعظم ہند و سرکار حافظ ملت قدس سرھماکے فیضان علم و فن کا ایک عظیم سنگم ہے۔
جہاں اساتذہ کرام ہرفن میں کمال و عبور رکھتے ہیں، جن کی علمی شان و شوکت کی صیت و شہرت سے طلبہ ان کی طرف کشاں کشاں کھینچے چلے آتے ہیں، جن کی صلاحیت و قابلیت کی طوطی چار دانگ عالم میں بجتی ہے، جن میں اکثر علم و فضل کے جبل شامخ عرفان و آگہی کے آفتاب و ماہتاب ہیں، بعض تدریس و تفہیم کے شہنشاہ ہیں تو بعض تحقیق و لسان کے ماہر و حاذق، کوئی بحر فقہ و فتاویٰ کے شناور ہیں تو کوئی فن ادب کا تاجور، کوئی فکر و قلم کا بادشاہ ہیں تو کوئی دعوت و اصلاح کے شاہکار۔
جامعہ اشرفیہ چرخ حکمت کاایسا شمس بازغہ ہےجس کی کرنیں جہان فضل وکمال کو منور اورتابناک کررہی ہیں۔ حضور حافظ ملت کےاخلاص وعمل کی برکتیں جو جامعہ اشرفیہ کی شکل میں نظر آتی ہیں وہ ذہن وفکرکوبالیدہ اور کشادہ کرتی ہیں۔ جنھیں دیکھ کر یہ احساس ہوتا ہے کہ اگر کوئی شخص زمین کے اوپر کام اور زمین کے نیچے آرام کی مکمل تصویر ہو اور اتحاد زندگی ہےاور اختلاف موت کاعلم بردار ہوتو پھر علم کاشہرستان آباد ہوتاہے تب جاکر کہیں گلشن فن وہنر نمو پاتاہے ، جامعہ اشرفیہ کی خدمات کادائرہ وسیع ترین ہےفضلائے اشرفیہ ملک و بیرون ملک خدمت اسلام میں بڑے منظم طریقےسےمصروف ہیں۔
نیز جامعہ اشرفیہ ہندوستان کی ایسی دینی درسگاہ جن کی تعلیم کا سکہ ملک کے خطے خطے میں لوہا منوا رہا ہے۔ یہ ادارہ ہر اعتبار سے اور ہر جہت سے اعلیٰ کردار ادا کررہی ہے خواہ وہ تعلیم کے حوالے سے ہو یا تدریس و تبلیغ کے حوالے سے  ہر زاویے سے آپ دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ ادارہ ہذا کی تعلیمی خدمات نہایت ہی وسیع ہے اور متعدد خصائص سے پر ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اس ادارے سے بڑے بڑے اسکالر پیدا ہوۓ ادیب، ڈاکٹر، مصنف،مفکر غرض کہ ہزاروں کی تعداد میں ماہرین علوم جنم لیے آج پوری دنیا میں ادارے کے فارغین دین و سنت کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ مزید ادارہ ہذا کی بہت ساری خصوصیات ہیں اگر ان خصوصیات کو تحریر کیا جائے تو ایک دفتر کی حاجت ہے۔
المختصر! جب الجامعتہ الاشرفیہ مبارکپور اتنی خصوصیات کے حامل ہیں تو کیوں نہ کہیں کہ ہم مصباحی ہیں راقم کہتا ہے اشرفیہ والوں فخر سے کہو اور اپنی نگارشات میں لکھو کہ ہم مصباحی ہیں۔
رب غافر قدیر اپنے حبیب پاک معلم دوجہاں کے صدقے حضور حافظ دین و ملت کے طفیل ہم سب کو علم دین حاصل کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے مسلک اعلیٰ حضرت قدس سرہٗ پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے آمین بجاہ سید الانبیاء والمرسلین صلی اللّٰہ علیہ وسلم۔۔۔

ہے عزم و جہد مسلسل شعار مصباحی
جہان بھر میں ہے قائم وقار مصباحی 


لگایا حافظ ملت نے اپنے ہاتھوں سے 
بشکل ازہر ہندی چنار مصباحی

ہاں! ہم مصباحی ہیں (دعوت فکر) از محمد اشفاق عالم امجدی علیمی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے