Advertisement

مناجات از محمد قاسم مصباحی


مناجات


 الٰہی تو مجھے اپنی محبت میں فنا کردے 
مجھے بے خود بنادے اور خودی میری ہَوا کردے

قرار جاں، سکون دل ہو حاصل درد الفت سے 
 الٰہی درد کی لذت سے مجھ کو آشنا کردے 

میں دردِ عشق میں تڑپوں،تڑپتا ہی رہوں ہردم 
 میرے اس درد کو پروردگارا لادوا کردے 

علاجِ درد کیوں ڈھونڈے، دوا سے کیا غرض اس کو 
جسے بھی درد کی لذت سے مولا آشنا کردے 

مجھے دنیا کی رنگینی نے وا رفتہ بنا ڈالا 
شہد کی شکل کے زہر ہلاہل سے رہا کردے

گناہوں کی طرف مائل ہوا جاتا ہوں میں مولا
گنہ سے دشمنی دل میں میرے پیدا خدا کردے 
 
نبی کے سبز گنبد کا ہو سایہ میری تربت پر 
 بقیعِ پاک میں دو گز زمیں مولا عطا کردے 

الٰہی! یہ تمنا ہے مِری، محشر میں کوثر کا 
تِرا محبوب جب دے جام اپنے لب لگا کردے 

دل قاسم میں اے مولا فقط تیری محبت ہو 
جو اوروں کی محبت ہے اسے دل سے جدا کردے


نیچے واٹس ایپ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

نتیجۂ فکر: مولانا محمد قاسم مصباحی ادروی
استاذ: جامعہ اشرفیہ مبارک پور، اعظم گڑھ، یوپی، انڈیا۔

پیش کش: ذیشان امجد، فرحان امجد قادری رضا نگر ادری، مئو، یوپی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے