Advertisement

منقبت عظمت غوث پاک علیہ الرحمہ از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

منقبت عظمت غوث پاک علیہ الرحمہ

منقبت 

 عظمتِ غوثِ پاک علیہ الرحمہ


چل رہا ہے آج بھی سِکّہ ہمارے غوث کا
مرتبہ اونچوں سے ہے اونچا ہمارے غوث کا

ہیں صحابی ، تابعی کے بعد وہ سب سے عظیم 
کون ہے امت میں ہم پایہ ہمارے غوث کا

پیکرِ دیں کو عطا فرمائ تازہ زندگی 
کارنامہ ہے بہت اعلیٰ ہمارے غوث کا 

کیوں نہ روشن ہو جَبینِ دہر پر اُن کی حیات 
مصطفیٰ کا نور ہے جلوہ ہمارے غوث کا

باکرامت سَر سے لیکر پاؤں تک سارا وجود 
جامۂ اوصاف ہے یکتا ہمارے غوث کا

اُنکے سَر ہے عالَمِ عرفاں کی سرداری کا تاج 
چومتے ہیں اولیا،تلوا ہمارے غوث کا

اک نظر عرش بریں اور اک نظر تحت الثّریٰ
بس گھڑی بھر کا ہے یہ پھیرا ہمارے غوث کا

وسعتِ عالَم ہے ان کے آگے رائ کی طرح
واہ کیا ہے دیدۂ بینا ہمارے غوث کا

سُرمۂ اہلِ نظر ہے ان کے پَیروں کا غُبار 
ہے طبیبِ روح ،نقشِ پا ہمارے غوث کا
 
ہر قدم پر ہے کمالوں کی نئ اک کہکشاں 
نور سے لبریز ہے رستہ ہمارے غوث کا 

ان کی ہستی وقت کے آفاق پر مثلِ ہلال 
ہے اجالا ہر گھڑی تازہ ہمارے غوث کا 

دیکھتے ہیں چشمِ حیرت سے اُسے شمس و قمر 
اِس قدر پُرنُور ہے روضہ ہمارے غوث کا 

زندگی کا لمحہ لمحہ لا زوال و بے مثال 
اب بھی ہر کردار ہے زندہ ہمارے غوث کا 

فکر و فن ،علم و ہنر میں بحرِ ناپیدا کِنار 
ہے بصیرت کا حرم، اُسوہ ہمارے غوث کا

گوش بَر آواز ہوجاتی تھی ساری کائنات 
ہوتا تھا ایسا حسیں خطبہ ہمارے غوث کا

جھوم جاتے تھے جسے سن کر زمین و آسماں
اِتنا شیریں تھا لب و لہجہ ہمارے غوث کا

قُم بِأِذنِ اللہ سے مُردوں کو زندہ کر دیا
ہے تکلم پُراثر کتنا ہمارے غوث کا

انکی مدحت دو جہاں میں سَر بلندی کا سبب
کیسا رفعت ساز ہے نغمہ ہمارے غوث کا
 
آکے شامل ہوتا ہے جنّ و ملائک کا ہجوم
جب کہیں پر ہوتا ہے جلسہ ہمارے غوث کا

کون جانے، کون سمجھے، اے فریدی اُن کا اوج 
جب فلک ہے، اولیں زینہ ہمارے غوث کا


نیچے واٹس ایپ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از: فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے