Advertisement

فضل خدا کا چاند نکلا ہے از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

فضل خدا کا چاند نکلا ہے از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

فضلِ خُدا کا چاند نِکلا ہے


عالمِ اسلام کو ربیعُ النّور شریف کا چاند بہت بہت مبارک ہو


محبّت کا، عنایت کا، عطا کا چاند نکلا ہے
ربیعُ النُّور میں، فضلِ خُدا کا چاند نکلا ہے

زبان و قلب پر ہیں، آمدِ سرکار کے نغمے
صداے مرحبا، صد مرحبا، کا چاند نکلا ہے

فر شتے لے کے آئے، مژدۂ میلاد کے پرچَم
مبارک ہو کہ شاہِ انبیا کا چاند نکلا ہے

بہت محبوب ہے اللّٰہ کو ذِکرِ جَمیل اُن کا
مَناؤ جَشن ، محبوبِ خُدا کا چاند نِکلا ہے

زمانے کو بتادو ! مصطفیٰ سے پیار ہے کتنا
بیانِ عشق ، اظہارِ وفا کا چاند نکلا ہے

سِتارے انبِیا کے، سب اُسی جلوے سے روشن ہیں
نُبوَّت کے فلک پر مُصطفٰی کا چاند نِکلا ہے

خدا نے اُن کو بھیجا رحمۃٌ اللعٰلمیں کر کے
ہر اک مایوس دل میں آسرا کا چاند نکلا ہے

حبیبُ اللہ کی آمد مبارک ہو مسلمانو ! 
غموں میں اک نویدِ جاں فَزا کا چاند نکلا ہے
 
فدا اِس چاند کے اوپر سبھی مَہر و مَہ و اختر
کہ تخلیقِ جہاں کے مُدَّعَا کا چاند نکلا ہے

نیا کوئی نبی، ہرگز نہ اُن کے بعد آئے گا 
کہ خاتَم بن کے میرے مصطفیٰ کا چاند نکلا ہے 

وہی اصلِ نُبُوَّت بھی، گُلِ ختمِ نبوت بھی 
سبھی کے بعد ، سب سے ابتدا کا چاند نکلا ہے

نبی کے نام لیوا ان کی سیرت کو بھی اپنائیں
عمل کے باغ کی نَشو و نُما کا چاند نکلا ہے

جو غافل ہیں جو بھٹکے ہیں وہ آئیں راہِ سنت پر
ہدایت کے لیے صدق و صَفا کا چاند نکلا ہے

نہ لوٹے گا کوئ خالی ، نہ رد ہوگی دعا کوئ
زہے قسمت ، اَداے مُدَّعا کا چاند نکلا ہے

سکھایا تھا عَلِی نے جو سبق صَہبا کے مَکتَب میں
اُسی فَرضِ محبّت کی اَدا کا چاند نِکلا ہے

تسلّی پا گیے بِیچین دِل ، صُبحِ بہاراں سے
ہر اک مَظلوم و بیکس کی دعا کا چاند نِکلا ہںے

برستے ہیں کرم کے پھول سب اہلِ محبَّت پر
منافِق جو بھی ہے اُس کی سزا کا چاند نِکلا ہے

نبی کے باغیوں کو ہے بڑی شدت کا رنج و غم
وفاداروں پہ راحت کی ضیا کا چاند نِکلا ہے
 
وقارِ قوم ومِلَّت ، عیدِ میلادُالنَّبی سے ہے
یقینًا شوکتِ حق کی بَقا کا چاند نِکلا ہے

مِٹے کُفر وضلالت کے اندھیرے جِس کی آمَد سے
چلو دیکھیں کہ اُس نور ہُدٰی کا چاند نِکلا ہے

فریدی لِکھ رہا ہے نعت میں ہر رنگ کے نَغمے
قلم خوش ہے کہ توصیف وثنا کا چاند نِکلا ہے


نیچے واٹس ایپ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

مزید پڑھیں:


از: فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان
 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے