Advertisement

علم، قلم اور تحریر دوسری قسط از محمد توصیف رضا قادری علیمی

علم، قلم اور تحریر پہلی قسط

علم، قلم اور تحریر


قسط دوم


از : محمد توصیف رضا قادری علیمی (بانی الغزالی اکیڈمی و اعلیٰحضرت مشن، آبادپور تھانہ (پرمانک ٹولہ) ضلع کٹیہار، بہار۔)
شائع کردہ: 20/اکتوبر/2022 
 aalahazratmission92@gmail.com


بلا شبہ جس طرح انسان کو زندہ رہنے کے لئے آب و ہوا کی ضرورت ہے بعینہ حالات و کوائف سے با خبر، علم وفن کی ترویج و بقاء اور قافلۂ حیات کے محفوظ سفر کے لئے قلم کا استعمال اشد ضروری ہے نیز قلم بذاتہ مثبت ومنفی دونوں کردار کا حامل ہے، جس کے ذریعہ خیر و شر دونوں طرح کے کام انجام دیئے جاسکتے ہیں. قوموں کے اندر خُود اعتمادی و حوصلہ مندی اور سیاسی و ملی شعور بھی بیدار کیا جا سکتا ہے،اور ان کے عزائم کو پست کرکے کم ہمتی کا شکار بھی بنا یا جا سکتا ہے. 
اسے عدل کی حمایت اور ظلم کے خلاف بھی استعمال کیا جاسکتا ہے،اور ظلم کی حمایت اور عدل کے خلاف بھی. ملک و قوم کو راہ راست کی رہنمائی کر کے ترقی کے بامِ عروج تک پہونچا یا بھی جا سکتا ہے، اور غلط پالیسی اختیار کر کے زوال بھی، اقوامِ عالم کے مابین یکتائیت و یگا نگت کا بیج بھی بویا جا سکتا ہے اور باہمی اختلاف و افتراق کو ہوا دیکر آتشِ خانہ جنگی بھی،
غرض کہ قلم ایک ایسا آلہ ہے جسے بہتر طریقہ سے استعمال کیا جائے تو یہ فلاح کا کام کرتا ہے اور غلط طریقہ سے استعمال کیا جائے تو شر وفساد کو جنم دیتا ہے۔۔۔۔ آج رگاہِ عالم میں جو بھی کام انجام دیا جا رھا ہے،خواہ وہ اخبار و جرائد کا اجراء اور رسائل کی ترسیل ھو یا ذرائعہ ابلاغ اور اطلاعاتی نظام سے تعلق رکھنے والی کوئی بھی شئی ہو،بلا قلم کے انجام نہیں پاتی،
آج ترقی یافتہ ممالک نے اس قلمی طاقت کو سمجھا اور دل کھول کر اس کی آبیاری کی،اورحصولِ مفادات اور قوم کی ترقی وسربلندی اور اس کے استحکام کیلئے اس کے ذریعہ وہ کام انجام دیا جا رہا ہے جو فوجی طاقت اور تیر و تفنگ سے بھی انجام دینا ممکن نھیں۔  
آج اسلام دشمن عناصر طاقتِ قلم کے سہارے حق کو مغلوب اور باطل کو غالب کر دینا چاہتے ہیں. انھوں نے مسلمانوں کے دین وایمان اور اسلامی تعلیمات میں شکوک وشبہات کے دروازے کھول دیئے ہیں، عالمی سطح پر اسلام اور مسمانوں کے خلاف سازشوں کا انبار لگا دیا ہے، مخلتف ویبسائٹس میں اپنی تحریروں کے ذریعے مسلمانوں کو روشن خیال،سوشلزم اور سرمایہ داری کے حامیوں میں بانٹ دیا ہے۔
مغربی طاقتوں نے تو اپنی دجالی منصوبہ بند قلمی نشریات کے ذریعہ مسلمانوں کو فکری غلام اور احساس کمتری کا شکار بنا دیا ہے، فیسبوک، انسٹاگرام اور دیگر سوشل نیٹ ورکنگ نے نوجوان ملت کو تباہ کر دیا ہے اور دوسری طرف مسلم قلم کار جو اُن کی ذمے داری ہے کہ اسلامی تعلیمات کو اپنے بھائیوں تک پہنچائے مگر خوابِ خرگوش میں مست ھیں یا پھر قلم کو استعمال بھی کر رہے ھیں تو بڑے محدود پیمانے پر. اُن کو چاہیے کہ سوشل نیٹ ورکنگ جس سے نوجوان  تباہ ہو رہے ہیں اس پر اسلام کی صحیح تعلیمات بحوالہ نشر و اشاعت کروائیں 
بہر کیف! مسلم قلم کاروں کی اس وقت اشد ضرورت ہے نیز اسلام نے قلم کے حسنِ استعمال کے لئے جو اصول و ضوابط متعین فرمایا ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے قلم کا صحیح استعمال کیا جائے بلکہ ہم اہل قلم سے گزارش کرتے ہیں کہ آپ اپنے قلم کو اس طرح حرکت میں لائیں کہ ملک و سماج میں محبت و یگانگت پیدا ہو،خیر و صداقت کو فروغ حاصل ہو ،ظلم و بدی کا خاتمہ ہو ،حقیقتِ حال طشتِ ازبام ہو،عوام میں عدل و انصاف کی فضا قائم ہو،اور ہم ایسی چیزیں اور معلومات ضبطِ تحریر میں لائیں جو ملک و معاشرہ کی ترقی اور اقدارِ حیات سے ہم آھنگ اور منطبق ہو۔

جاری

نیچے واٹس ایپ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

مزید پڑھیں:


ایڈیٹر : مولانا محمد مبین رضوی مصباحی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے