Advertisement

عظمت اساتذۂ کرام | عالمی یوم اساتذہ از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان


 عظمتِ اساتذۂ کرام


رنگ جو کچھ بھی کمالات میں انسان کا ہے
سب کرشمہ کسی استاذ کے فیضان کا ہے

یہ نہ ہوتے تو اندھیروں میں بھٹکتے ہم لوگ
جو اجالا ہے وہ استاذ کے احسان کا ہے

بزم عالم میں مُسَلَّم ہے فضیلت اُن کی
جو معلم ہے یقینا وہ بڑی شان کا ہے

پرورش پاتے ہیں اُس در پہ کمال و منصب
مرتبہ سب سے بڑا ان کے قلمدان کا ہے

کچھ نہ تھا پہلے ہمارے گُل ہستی میں نکھار
آج جو رنگ ہے وہ ان کے گلستان کا ہے

اُن کی تعظیم میں پنہاں ہے کمال و رفعت
اور توہین کا رستہ بڑے نقصان کا ہے

ڈوب جاؤ گے ، بکھر جاؤگے اُن سے کٹ کر
اُن سے رشتہ ، بڑے اعزاز کا اور مان کا ہے

سب سے اعلیٰ ہے مُعلم ، شہ کونین کی ذات
نور ہر سمت اُنہی کے دَرِ عرفان کا ہے

سارے استاذوں کو اللہ سلامت رکّھے
رہنماجن کاکرم، سب کے دل و جان کا ہے

اُن کے بے نور مکاں ، نورِ جہاں پالتے ہیں
یہ وہ گوشہ ہے جو ہم سب کے بہت دھیان کا ہے

اُن کے دکھ درد میں راحت کا ہمیشہ ہو خیال
اے فریدی یہ تقاضا مرے ایمان کا ہے


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے