Advertisement

منقبت یاد رئیس القلم علامہ ارشد القادری علیہ الرحمہ از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان


منقبت

 یادِ رئیس القلم


افتخار اہل حق، مناظر اہلسنت ، محافظ ناموس رسالت ، قاطع نجدیت ، رئیس القلم ، شاہکار سخن ، تاجدار اہل حق ، ناشرفکر رضا ، مرد حق، مرد جری ، حضرت علامہ ارشد القادری علیہ الرحمہ کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت۔

وصال ١٤ صفر المظفر



رونقِ بیاں ارشد ، زینتِ قلم ارشد 
آسمانِ حکمت کے ، نَیَّرِ اَتَم ارشد

تیری سیرت اقدس ، تیرا پیکر ہستی
مَصدرِ ہنر ارشد ، مَخزنِ کرم ارشد

تو رضاکا مظہر ہے، تو ہے جلوۂ نوری
چرخ سنیت کا تو مَہر مُحتَشَم ارشد

تیرا خامۂ انور ، ہے رواں دواں ایسا
بہہ رہا ہے لفظوں کا اک حَسِین یَم ارشد

منفرد لب ولہجہ ، بے مثال ہے اُسلوب
واہ کیا فصاحت ہے، کیا ہے زِیر و بَم ارشد 

سنّیت معطر ہے "لالہ زار" سے تیرے
لاجواب  ہے تیرا گلشن حِکَم ارشد
 
دین کی حمایت میں تو ہے برق بار اب بھی
"زلزلے" سے ہِلتا ہے نجد دم بدم ارشد

"زیر" جو ہوئےتجھ سے، پھر "زَبَر"نہ ہو پائے
اہل نجد اب بھی ہیں ، تیرے آگے خَم ارشد

ہیں مناظرے تیرے ، یاد اب بھی دنیا کو
تیرا رعب دشمن پر، اب بھی ہے رقم ارشد

وہ "قلم کی تعزیریں" وہ دلیلوں کے خنجر
تیری ہر پکڑ سے ہے، نجد کو اَلَم ، ارشد

تیرے ایک قطرے میں، فن کی ایسی گہرائ
جسکے آگے بے وقعت ، سارے جام جَم ارشد

اِس قدر منوّر ہے، تیرا راستہ اب بھی 
آسماں کے تارے ہیں یا ترے قدم ارشد

رب نے آپ کو بخشی ، راہ فن کی سرداری
 اب بھی ہے بلندی پر آپ کا عَلَم ارشد

جھکتے ہیں عقیدت سے، جسکو سن کے اہلِ حق
نامِ نامی ہے تیرا ، ایسا محترم ارشد

علم وفن کے پروانے، کَسْبِ فیض کرتے ہیں
تیری قبر اقدس ہے،، نور کا حرم ارشد
یاد جب بھی کرتے ہیں اہل حق، ترا جانا
فرط غم سے ہوتی ہے آنکھ اب بھی نم ارشد

اسلیے نڈر ہوں میں ، راہِ دعوت حق میں
آپ میرے حامی ہیں ، کیا مجھے ہے غم ارشد

اُس کے آگے کیا ٹھہریں، دیوبندی اور نجدی
جو تری کتابوں کو رکھتا ہے بَہَم ارشد

شُغل یہ فریدی کا بہترین مَصرَف ہے 
آپ کی سَتَائِش ہے توشۂ اِرَم ارشد


نَیَّر اَتَم .. کامل سورج
مخزن ... خزانہ
مصدر .. سرچشمہ ، مرکز
محتَشَم .. صاحب عزت و وقار
یَم .. دریا ،
زِیر و بَم.. آواز کا اُتار چڑھاؤ
حِکَم .. حکمت کی جمع 
بَہَم ... ساتھ
سَتَائش .. مدحت و توصیف


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے