Advertisement

منقبت کربلا کے بعد، منقبت امام حسین و شہیدان کربلا از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان


منقبت

کربلا کے بعد


حُسَینِیَت کی بڑھی شان کربلا کے بعد
یزیدِیَت ہوئی بے جان کربلا کے بعد

مِلا ہے درس ہمیں صبر و استقامت کا
شجاعتیں چڑِھیں پروان کربلا کے بعد

یزید ، کِذب و ضلالت کا اک نشان بنا
حُسین سچ کے ہیں عنوان، کربلا کے بعد

فُزُوں ہے گلشنِ اٰلِ نبی کی شادابی
مٹا یزیدی خیابان ، کربلا کے بعد 

چمک رہےہیں شہیدوں کےنقشِ پا اب بھی
بشکلِ لؤلؤ و مَرجان کربلا کے بعد

قوی ہوا مرے اسلام کا ہر ایک شجر
پڑی ہے سب میں نئی جان کربلا کے بعد

حُسین جس پہ چلے، وہ ڈگر قیامت تک
صداقتوں کی ہے پہچان کربلا کے بعد

یزیدیت ہےاندھیرا ، حسینیت اک نور
ہے تا ابد یہی میزان ، کربلا کے بعد

فروغِ نسلِ حُسینی ہے دن بدن جاری
یزیدی کِشت ہے ویران، کربلا کے بعد

مِنارِ جرات و حقانیت ہوا روشن
گرے ہیں کذب کے ایوان کربلا کے بعد 

حُسینی راہ پہ مرنا ہے زندگی کی دلیل
کیا یہ موت نے اعلان ، کربلا کے بعد
فریدی ! اِس کو شہیدوں نے خون سے سینچا
تو نِکھرا دیں کا گُلستان کربلا کے بعد


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے