Advertisement

منقبت حضرت عمر رضی اللہ عنہ از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان


منقبت 

حضرت عمر سیدنا عمر بن خطاب فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ


شانِ اسلام، وقار ملت، پاسبانِ دیں، پیکر جرأت و ہمت ، سراپا عدل و انصاف ، حقانیت کے مظہر ، خلیفۂ رسول صل اللہ علیہ و سلم ، امیرالمومنین ، حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کے دربار میں نذرانۂ عقیدت۔


اظہارِ حق کے روشن و تاباں قمر عُمَر
اسلام کے دلیر و جری تاجور عُمَر

اب بھی وظیفۂِ لبِ جرأت ہے اُن کا نام
خود دار و سرفروش و دلاٰور، نڈر عمر

کیسا حسیں نظارہ تھا اسلام لانے کا
جھومے صحابہ، نعرہ لگا کر عمر عمر

سارا غضب سمٹ کے گُلِ عشق ہو گیا
تجھپر پڑی حضورکی ایسی نظر عمر

اعلانیہ نماز و اذاں  ہو گئی  شروع
جب حق کی طلعتوں سے ہوئے بہرہ ور عمر

فاروق کا لقب اُنھیں بخشا رسول نے
یعنی رضائے حق ہے اُدھر :  ہیں جدھر عمر

بو بکر، اور حیدر و عثمان کے حبیب
اصحاب مصطفیٰ میں بڑے معتبر، عمر
 
"لَوکانَ بَعدِی" کہہ کے بڑھائی نبی نے شان
انسانیت کے ایک چمکتے گُہر عمر

بولے اُنھیں "محدثِّ خیرُالاُمَم" حضور
اَسرار حق سے ایسے ہوئے با خبر عمر

عالَم ہے ان کی چشمِ فراست پہ منکشف
سرکار کی عطا سے ہیں عالی نظر عمر

حضرت کی ذات، فکری اصابت میں بے نظیر
ہیں افتخارِ فضل و کمال و ہنر عمر

آیات کا نزول ہوا ان کی رائے سے
ہیں جلوۂ معارفِ حق، سَر بَسَر عمر

کـردار  ، تـرجمـانِ "اَشِـدّآء"  بن گیـا
اعدائے دیں پہ خنجر و برق و شَرَر عمر

ہستی کے سارے پھول، نبی پر کئے نثار
آداب عشق کے ہیں بڑے دیدہ ور عمر

دارا  سکندر، ان کی وجاہت کے آگے ہیچ
 ہیں بیشۂ دلیری کے اک شیرِ نَر عمر

حضرت کی حق پرستی پہ لاکھوں سلام ہوں
اب بھی دفاعِ حق میں ہیں سینہ سِپَر عمر

جو دشمنِ عمر ہے ، وہ دشمن نبی کا ہے
قربت کے اس مقام پہ ہیں جلوہ گر عمر

حُبّ رسول میں تری غیرت ہے لاجواب
اے عشق کے سفیر، اے فخرِبَشَر عمر

آفاق پر لکھی ہے تری داستانِ عشق
تا حشر جگمگائے گی، ہراک سطر عمر

ایسا جلال تھا ترے تیور میں عدل کا
ظلم  و ستم کی توڑدی تونے کَمَر عمر

تو بن گیا تحفظِ ملت کی وہ فصیل
طوفانِ کفر و ظلم، جہاں بـے اثر عمر

فرمائیے کرم کہ مسلماں ہیں خستہ حال
آواز دے رہی ہے ہر اک چشمِ تر عمر

پہلوئے مصطفیٰ میں بنی تیری قبر پاک
ہے عظمتوں کا عرش، ترا مُستَقَر  عمر

آبِ حیــات پـائـے مـرا چشمۂ قلم
جاری رہے فریدی کا فکری سفر عمر 


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے