Advertisement

کیا ہے فکر رضا؟ از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

کیا ہے فکر رضا؟

 کیا ہے فکرِ رضا ؟  




تعمیرِ ملت اور دفاع اسلام و سنیت کے لیے "نظمِ فکر رضا" کی شکل میں انتہائی اہم اور کار آمد پیغام 


خدا کا فضل ، نبی کی عطا ہے فکرِ رضا
بھٹکنے والوں کو حق کا پتہ ہے فکر رضا

جہاں مدینے کی الفت پلائی جاتی ہے
نبی کے عشق کا وہ میکدہ ہے فکر رضا

رسول و رب کے تَقَدُّس کا پاسدار و اَمیں
ادب کا ایک حسیں ضابطہ ہے فکر رضا

نئ ڈگر نہیں ، یہ مسلکِ صحابہ ہے
اکابرین کا ہی راستہ ہے فکر رضا

حدیث و قرآں کی تعبیرِ خوشنما کہیے
قوی دلیلوں سے ثابت شدہ ہے فکر رضا

ہے اہلبیت و صحابہ کے عشق کا داعی
خُروج و رَفض پہ اک صاعِقہ ہے فکر رضا

سَنوارے جاتے ہیں ملت کے خَطّ و خال جہاں
صداقتوں کا وہی آئینہ ہے فکر رضا

شہِ علوم و معارف ، مَہِ اصول و فروع
ابوحنیفہ کی علمی ضیا ہے فکر رضا
نچوڑ سارے تَفَقُّہ کا اِس میں ہے موجود
دلِ ائمۂ دیں کی دعا ہے فکر رضا

ہر ایک فیصلہ ، تحقیق اور دلیل کے بعد
اصولِ دیں کا حسیں مُقْتَضَا ہے فکر رضا

فقط خدا کے لیے اُس کے سارے وصل و فراق
نہ خود سے ہجر نہ خود سے لِقا ہے فکر رضا

نبی کے چاہنے والوں پہ انتہائ شفیق
عدو پہ شعلہ و بَرقِ سزا ہے فکر رضا

وہ ہے تَحَفُّظِ ناموسِ مصطفٰی کا عَلَم
ہزار جاں سے نبی پر فدا ہے فکر رضا

کسی تَفَرُّدِ فرعی سے دشمنی نہ رکھے
تلاشِ حق میں بصیرت فَزَا ہے فکر رضا

مُفاہَمَت کی ہر اک راہ پہلے اپنائے
پھر اِحتراز یا حکمِ لِقا ہے فکر رضا

سبھی سَلاسِلِ حَقَّہ سے پیار سِکھلائے
نِصابِ عشق کا دانِش کَدَہ ہے فکر رضا

وہ ہے عزیمت و جرأت کا ایک کوہِ عظیم
خودی کی زندہ و مُحکَم صدا ہے فکر رضا

سب ان کے ماننے والے قدم ملا کے چلیں
کہ اپنوں کے لئے قَلبی وِلا ہے فکر رضا
 
گروہ بندی، حَسَد ، اور عِناد ختم کرو
اگر خلوص ہے اور مُدَّعا ہے فکر رضا

رضا کا نام بھی اور باہمی جدائی بھی ؟ 
درِ فراق نہیں ، مُلتَقٰی ہے فکر رضا

گِلے مٹا کے سبھی اہل حق، گَلے مل جائیں
دلوں کے رَبط کا اک واسطہ ہے فکر رضا

فریدی ! اہلِ سنن کیوں نہ اِس سے پیار کریں
سراپا جلوۂ رُشد و ھُدٰی ہے فکر رضا


خروج و رَفض پہ صاعقہ.. خارجیت و رافضیت کو مٹانے والی بجلی
مُقتَضا... مطابق
مُلتَقٰی... ملنے کی جگہ
وِلا .. محبت


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے