میدان محشر میں لوگوں کا پورا بدن سفید ہوگا یا صرف
اعضائے وضو ؟
مسئلہ :
میدان محشرمیں تمام لوگ سفید ہوں گے ، اس کے کیا معنی ہیں ؟ تمام بدن سفید ہوں گے یا صرف اعضا وضو ؟
الجواب :
روز قیامت اس امت کے اعضائے وضو آثار وضو سے سفید و روشن ہوں گے اور یہ اس امت کی خصوصیات سے ہے ، حدیث میں فرمایا:
إن أمتي يُدْعَون يوم القيامة غُرًّا مُحَجَلِّين من آثار الوُضُوء)). فمن اسْتَطَاع منكم أن يُطِيل غُرَّتَه فَليَفعل ۔
بیشک میری امت قیامت کے دن اس حال میں بلائی جائے گی کہ آثار وضو سے منھ اور ہاتھ پاؤں روشن ہونگے ، تو جس سے ہو سکے کہ اپنی روشنی کو دراز کرے ( کہ مواضع فرض سے زیادہ پرپانی بہائے ) تو کرے ۔ رواه الشيخان عن ابى هريرۃ رضی اللہ تعالی عنہ ۔
اور صحیح مسلم شریف کی روایت انھیں ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی وسلم قبرستان میں تشریف لے گئے اور یہ فرمایا:
السلام علیکم دار قوم مؤمنين وانا انشاء الله بكم لاحقون۔
فرمایا مجھے آرزو ہے کہ ہم نے اپنے بھائیوں کو دیکھا ہوتا ، صحابہ نے عرض کیا : کیا ہم حضور کے بھائی نہیں ؟ فرمایا: تم میرے اصحاب ہو اور ہمارے بھائی وہ ہیں جو ابتک نہیں آئے ، عرض کی: جو اب تک آپ کی امت سے آیا نہیں اسے حضور کیسے پہچانیں گے ؟
ارشاد فرمایا: بتاؤ تو کسی کے سفید پیشانی اور سفید ہاتھ پاؤں والے گھوڑے ہوں اور سیاہ گھوڑوں میں مل جائیں تو کیا اپنے گھوڑے نہ پہچانے گا ؟ عرض کی: ہاں ، پہچانے گا ۔ فرمایا:
انهم يأتون غرا محجلين من الوضو۔
میری امت کے لوگوں کے وضو کے سبب منہ اور ہاتھ پاؤں روشن ہوں گے ۔
اور بھی اس مضمون کی روایتیں کتب حدیث میں مذکور ہیں ، مگر تمام بدن کا سفید ہونا نظر فقیرمیں کسی روایت سے ثابت نہیں ، اور احادیث میں غرہ و تحجیل کا بیان اس امر کو چاہتا ہے کہ باقی بدن ایسا نہ ہوگا کہ جب تمام بدن ایسا ہی ہے تو غرہ و تحجیل نہیں اور وضو کی اس سے فضیلت بھی ثابت نہ ہوگی ، حالانکہ یہ حدیث فضائل وضو میں ہے ۔ و اللہ تعالی اعلم۔
حوالہ :
فتاوی امجدیہ جلد اول، صفحہ : ۳ و ۴ ، مطبوعہ: دار العلوم امجدیہ ، آرام باغ روڈ ، کراچی ۔
نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔
0 تبصرے
السلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ