دو عظیم مجدد
آگ پر لکّھی ہے اُن کے نقشِ پا کی داستاں ...
تاجدارِ اہلِ حق و آبروے سنیت حضرت شیخ احمد سرہندی مجدد الف ثانی ، اور سیدی اعلٰی حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی علیھما الرحمۃ و الرضوان کے کردار و افکار کے مابین مماثلت پر منظوم نذارنہ۔
حضرتِ "شیخِ مُجدّد" اور "رضا" کی داستاں
ہے مسلماں کے لیے عِزّ و عُلا کی داستان
قلب و جاں میں جوش بھر دیتا ہے دونوں کا جہاد
شوکتِ اسلام ہے اُن کی ادا کی داستان
تذکرہ دونوں مجدد کا ہے روشن اِس قَدَر
لوحِ شب پر جیسے لکّھی ہو ضیا کی داستاں
شرحِ جاءالحق ہےاُن کی زندگانی کا سفر
ہر قدم ہے شرک و بدعت کے فنا کی داستاں
سیفِ اصلاحِ عقائد، تھام کر ہمت کے ساتھ
ختم کی اِلحاد و کِذب و اِفترا کی داستاں
فخرِ اہلِ حق ہیں "سَرہِند" و "بریلی" کے وہ لال
آگ پر لکّھی ہے اُن کے نقشِ پا کی داستاں
ان کی ہر تحریک ، اسلام و شریعت کا فروغ
ان کی ہر تدبیر ،، باطل کی قضا کی داستاں
وقت کے فتنے مٹا کر ، دیں کو زندہ کر دیا
حشرتک تابندہ ہے اُن کی وفا کی داستاں
سیرت و کردار میں ہے جلوۂ " لایَحزَنوں"
ہے شجاعت خیز ، دونوں حق نَوا کی داستاں
فتنۂ اکبر ہو یا اصغر سبھی کو کاٹ کر
لکھ گیے وہ اہلسنت کی بقا کی داستاں
ردّ گستاخِ نبی دونوں کی ہستی کا وقار
ہر جگہ اظہارِ حق، ان کی صدا کی داستاں
کارناموں کی صدی ہے گیارہویں اور چودہویں
تا ابد ہے اُن کی فکرِ جاں فَزا کی داستاں
"شیخ احمد" کی تڑپ "احمد رضا" میں آ گئی
ہم ادا ہے دونوں مَردانِ خدا کی داستاں
ماہِ رحلت ایک ہے ماہِ ولادت بھی ہے ایک
کس قدر یکساں ہے دونوں باصفا کی داستاں
اپنے اپنے دور کے دونوں مجدد ہیں عظیم
اسمِ احمد سے ہے اُن کے ارتقا کی داستاں
عمر میں اوصاف میں کردار میں افکار میں
ہے بہت نزدیک دونوں پارسا کی داستاں
ابتدا سے انتہا تک دونوں کا رنگِ حیات
صبر و عزم و جرأت و صِدق و صفا کی داستاں
ان کی فطرت میں بسا صدیق سا عشقِ رسولﷺ
داستاں اُن کی ہے یارِ مصطفی ﷺ کی داستاں
کفر پر برقِ غَضَب ، دونوں کی غیرت کا شرر
عشق سے لبریز دونوں کی وِلا کی داستاں
پھر جہاں میں بھیج، کوئی اُن سا اے پروردگار
جس سے تازہ ہو حُسَینِ کربلا کی داستاں
خانقاہوں کو ملے شیخِ مجدد کا مزاج
ہو رضا کے جیسی ہر اک رہنما کی داستاں
اے فریدی ! فکر کی حد سے وَرا اُن کا عروج
فہم کی حد سے فُزُوں ان کی ثنا کی داستاں
نیچے واٹس ایپ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔
0 تبصرے
السلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ