Advertisement

منقبت یاد گنج شکر، حضرت بابا فرید الدین گنج شکر علیہ الرحمہ از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان


منقبت 

یادِ گنج شکر


منقبت درشانِ فریدِ دین وملت ، تاجدار اہلِ نظر ، گلِ گلزار چشتیت ، حضرت بابا فرید الدین گنج شکر علیہ الرحمہ پاکپٹن شریف پنجاب پاکستان.

عرس پاک، ۵ محرم الحرام 



تاجدارِمحفلِ اہلِ نظر ، گنجِ شکر
عالمِ صدق و صفا کے راہبر گنجِ شکر 

اےفرید الدین! تیری سب ادائیں لاجواب
زندہ باد اے بحرِعرفاں کے گُہر گنجِ شکر

اے امینِ رازِحق ، اے نائبِ خیر الوریٰ
کشورِ روحانیت کے تاجور ، گنجِ شکر

تیرے جلوؤں سے منور ہے جہانِ معرفت
چشتیت کے اے ہلالِ معتبر گنجِ شکر

اےنظام الدیں کےمرشد، اے طریقت کے امیر
اے معین و غوث کے فیضِ نظر گنجِ شکر

تیری فطرت میں ہے"لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ" کا جمال
ظلمتِ غم میں ہے تو مِثلِ سحر، گنجِ شکر
دستِ عیسٰی کی جھلک تیری مسیحائ میں ہے
قدرتی دارالشفا ہے تیرا گھر گنج شکر

شیخ قطب الدین کا آئینہ ہے تیری حیات
مسندِ عزت پہ تو ہے جلوہ گر گنج شکر

صابرِ کَلیَرکو تجھ سے روشنی ایسی ملی
بن گئے تیرے فلک کے وہ قمر، گنج شکر

تم سراپا اوج ہو اور ہم سراپا دھول ہیں
زیر سے کردو شہا ہم کو زَبَر گنج شکر

آپ کی بندہ نوازی ، راحتِ خَلقِ خدا
آپ کا کردار ، تسکینِ بشر ، گنجِ شکر

آپ سے امید رکھتے ہیں تمناؤں کے باغ 
کیجیے پھلدار ، ہستی کے شجر گنج شکر

آپ نے ہم کو دیا میٹھی نمازوں کا شعور
اب بھی جاری ہے وہ تقسیمِ شَکَر، گنج شکر

آبرو بھیگے ہوئے لفظوں کی رکھ لیجے شہا
اے تبسم ساز ، بہرِچشمِ تر، گنج شکر
تیرے در سے بٹ رہاہے سیدِ بطحا کا فیض
تیرا لنگر عام ہے ہر ایک پر ، گنج شکر

ہے وظیفہ اہل دل کا "حق فرید" و "یا فرید"
جس سے روشن ہیں غلاموں کے جگر ، گنج شکر

فضلِ مولیٰ سے تری نسبت فریدی کو ملی
رُوے ہستی پاگیا ،حُسنِ ہنر گنجِ شکر


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے