شانِ مفتی اعظم ہند
شہزادۂ سرکار اعلیٰ حضرت ، تاجدارِ اہلسنت ، حضور مفتئ اعظمِ ہند حضرت علامہ مصطفیٰ رضا خاں علیہ الرحمہ کےعرس پاک کے موقعے پر خصوصی نذرانۂ عقیدت
14 محرم الحرام
احمد رضا کی خاص دعا مصطفیٰ رضا
ہیں چشمِ سُنیت کی ضیا مصطفٰی رضا
فیضِ نبی ، عطاے علی ، ہم شبیہِ غوث
ظِلّ معین و عَکسِ رضا ، مصطفٰی رضا
قلبِ ابوالحسین کی دھڑکن وہ شخصیت
اٰلِ رسول کی ہیں ادا مصطفٰی رضا
دنیاے حق نے مفتئ اعظم کہا اُنھیں
پیارے رضا نے نام رکھا مصطفٰی رضا
سوزِ بلالی ، عشقِ اویسی کے رنگ میں
ہیں جلوۂ نبی پہ فدا مصطفٰی رضا
بخشی ہے اُن کو گلشنِ برکات نے مہک
پھر کیوں رہیں نہ تازہ سدا مصطفٰی رضا
ملت کے ترجمان و مسیحاے جسم و جان
بحرِ علوم و مہرِ شفا ، مصطفٰی رضا
ہے جس کا نور ، پردۂ شب میں بھی آشکار
وہ آفتابِ صِدق و صَفا مصطفٰی رضا
کی عمر بھر حفاظتِ ناموس مصطفٰی
یوں پاگیے لباسِ بقا ، مصطفٰی رضا
جوعشق کےشہید ہیں، مرتے نہیں ہیں وہ
تاحشر ایک زندہ صدا مصطفیٰ رضا
تقویٰ میں ایک کوہِ عزیمت ہے ان کی ذات
مشکل میں جرأتوں کی ادا مصطفی رضا
تھے جس کی ٹھوکروں پہ حکومت کے فیصلے
ایسے غلام شاہِ ھدٰی ، مصطفٰی رضا
ہے نورِ سنیت کا حرم ، اُن کا آستاں
بھٹکے ہوؤں کو حق کا پتہ مصطفٰی رضا
دنیا کو کر رہے ہیں وہ سیراب آج بھی
باغِ جہاں پہ فضلِ خدا مصطفیٰ رضا
ایسا لگا کہ روح میں راحت اتر گئ
جب ہم نے تیرا نام لیا مصطفٰی رضا
شاہا ترے دوانوں کو جچتا نہیں کوئ
تیرا جمال سب سے جدا ، مصطفٰی رضا
اختر رضا کو تاجِ شریعت بنادیا
تم نے جو اپنا ہاتھ رکھا مصطفٰی رضا
فریاد تیرے در پہ ہے اے مرشد عظیم
ہو ختم ہر وبا و بلا ، مصطفیٰ رضا
سب اہل حق کو درسِ اخوت ہے تیری ذات
اے شفقت و کرم کی صبا مصطفٰی رضا
اے شانِ خاندانِ رضا ، فخرِ اہلِ حق
تم پر ہماری جان فدا مصطفی رضا
دہلیز پر جبیں ہے ، لبوں پر مُراد ہے
چشمِ کرم فریدی پہ یا مصطفٰی رضا
0 تبصرے
السلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ