Advertisement

منقبت کمال اشرف از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

منقبت  

کمالِ اشرف 

منقبت درشانِ غوث زماں ، قطب الاقطاب ، رئیس الاولیاء ، سید الاتقیاء ، نقیب عظمت سادات،  تارک السلطنت ، مخدوم زمانہ، داعئ اسلام ، حضرت سید مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی ، علیہ الرحمہ کچھوچھہ شریف۔

( عرس پاک   ۲۸ محرم الحرام )



کیسے ہوپاۓ رقم ، جاہ و جلالِ اشرف 
جلوۂ حسنِ محمد ہے جمالِ اشرف 

مُنکشف اُن پہ ہیں اَسرارِ علومِ حیدر 
بیکراں کیوں نہ ہو پھر بحرِ کمالِ اشرف 

اُن کی جرأت سے ہوۓ وقت کے خیبر مغلوب 
شیرِ یزداں کا تصرف ہے بَحالِ اشرف

ہے گُلِ ذات میں شادابئِ باغِ تطہیر 
حشرتک کتنی خوش اقبال ہے فالِ اشرف 

ہم سمجھ پائیں گے کیا ان کے قدم کی عظمت
جب کمالوں کا خزینہ ہیں، نعالِ اشرف

کیوں نہ ہو زندہ وپائندہ ہر اک رنگ حیات 
مَظہرِ سیرتِ آقا ہیں ، خِصال اشرف
سَیر ، نائب بھی ہیں "خَیْرٌلَّکَ مِن اُولٰی" سے
فیضِ آقا سے ہے رفعت پہ ماٰلِ اشرف

فہم و ادراک کی کُھل جاتی ہیں گِرہیں جس سے
ہے وہ پیمانۂ فن ، جامِ سِفال اشرف

اشرفی نِیْر" میں ہے اُن کے قدم کی برکت
"زمزم ہند " ہے ، یہ آب زُلال اشرف 

فلکِ وقت پہ بکھرے ہیں عقیدت کے نجوم 
جگمگاتا ہے زمانے میں ہلال اشرف 

ان سے نسبت ہے حقیقت میں نبی سے نسبت 
ہے ہمارے لیے معراج ، وصالِ اشرف 

مانگنے والے وہاں حسبِ طلب پاتے ہیں 
مثل دریا ہے رواں ، جُود و نَوال اشرف 
بزم ہستی میں ہے ، کردار یگانہ ان کا 
چشمِ افلاک نے دیکھی نہ مثال اشرف 

دل کی آنکھوں سےپڑھی جاتی ہے انکی سیرت 
مرشدِ راہ ہدایت ہے مَقال اشرف 

ان کا کردار ہے آفاقِ بقا پر روشن 
گردش وقت سے ہوگا نہ زوال اشرف 

جس کی خوشبو سے معطر ہے مَشامِ عالَم 
حشر تک پھولے پھلے باغِ عَیال اشرف 

یاخدا اِس کی تجلی کو سلامت رکھنا
مِشعلِ بزمِ کمالات ہے آلِ اشرف 

کہکشاں چرخِ تخیّل پہ چمک اٹھتی ہے 
جب بھی آتا ہے فریدی کو خیالِ اشرف


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

(فالِ خوش اقبال .. اچھا شگون، اچھا اثر خصال.. طَور طریقےجام سفال.. مٹی کا پیالہ آبِ زُلال .. میٹھاخالص پانی ، مقال.. بات ، تحریر ماٰل .. انجام)

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے