Advertisement

منقبت اے اشرف زمانہ سید شاہ مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمہ از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان


منقبت 

اے اشرفِ زمانہ سید شاہ مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمہ


منقبت درشانِ آفتاب ولایت ، غوثِ زماں ، حضرت سید شاہ مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمہ کچھوچھہ مقدسہ یوپی، انڈیا۔


تیرا نَسَب "حُسینی" ، سادات ہے گھرانہ
اے اشرفِ زمانہ

"حیدر" ہیں جَدّ امجد "شاہِ اُمم" ہیں نانا
اے اشرفِ زمانہ

ابدال در پہ آئیں ، اَوتاد سر جھکائیں
راہِ صفا کا رہبر، ولیوں نے تم کو مانا
اے اشرفِ زمانہ

ٹھوکر میں تختِ شاہی، تعمیرِ حق کے راہی
سَیَّاحِ بزم عالَم، فطرت مجاہدانہ
اے اشرف زمانہ

علم و ہنر کا جامہ ، تقویٰ کا ہے عمامہ
"لایَحزَنُوں" سے پایا، کردار غازیانہ
اے اشرفِ زمانہ

سِمناں کے شاہِ عالی ، روحانیت کے والی
مسکن ترا کچھوچھہ ، پَنڈوَہ ہے پیر خانہ
اے اشرفِ زمانہ
محبوبِ شاہِ جیلاں، "یحییٰ" کے دل کے ارماں
مخدومِ بزمِ عرفاں ، ہستی تری یگانہ
اے اشرفِ زمانہ

بھٹکے ہوؤں کی منزل، اے ڈوبتوں کے ساحل
ٹالو ہماری مشکل ، دکھ درد ہو روانہ
اے اشرفِ زمانہ

اے قبلہ گاہِ عالَم ، خلقِ خدا کے ہمدم
بزم جہاں میں دائم ، چمکے یہ آستانہ
اے اشرفِ زمانہ

ہر سٗو ہےظلم و سازش، ہے آپ سے گزارش
اعداے دیں پہ برسے ، عبرت کا تازیانہ
اے اشرفِ زمانہ

زندہ جگر عطا ہو ، خود دار سر عطا ہو
اونچی نظر عطا ہو ، اور دل بہادرانہ
اے اشرفِ زمانہ

علم و عمل کے خُوگر ، صبر و رضا کے پیکر
تم سے زمانہ سیکھے ، صحرا میں گل کھلانا
اے اشرفِ زمانہ

آواز جب لگائ ، امداد ہم نے پائ
شاہا تری گدائ ، عزت کا شامیانہ
اے اشرف زمانہ

ملت کے چاند تارے، شیدائ ہیں تمہارے 
انوار کا حرم ہے ، تیرا یہ آشیانہ
اے اشرفِ زمانہ
پیدا ہو بھائ چارہ ، اُمت میں پھر دوبارہ
یکجائ کا ہو نعرہ ، مومن ہوں پھر توانا
اے اشرفِ زمانہ

گلزارِ اشرفیت ، اس کی بہار و رَنگت
دائم رہے سلامت ، یہ فیض کا خزانہ
اے اشرفِ زمانہ

دارین کا شَرَف ہے،عزت کا یہ شَغَف ہے
لکھتا رہے فریدی اَسلاف کا ترانہ
اے اشرفِ زمانہ


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے