Advertisement

در عثمان نہ چھوڑو از فریدی صدیقی مصباحی مسقط عمان

 

منقبت 

درِعثمان نہ چھوڑو


آج جبکہ ہرطرف اسلام کےخلاف یلغار چل رہی ہے ، کفر اپنی پوری قوت کے ساتھ اسلام کی عظمتوں پرحملہ آور ہے ، دوسری طرف ہم انتشار و غفلت و بے حسی کے اندھیروں میں بھٹک رہے ہیں ، اسی تناظر میں سیرتِ عثمان غنی رضی اللہ عنہ پر یہ نظم لکھی گئ ہے ...
۱۸ ذو الحجۃ الحرام ، انکی تاریخ شہادت ہے ، حضرت کے تذکرے کے ساتھ ساتھ ہم انکی سیرت پر چلنے کا بھی عہد کریں ، نئے عزم سے باطل کے خلاف اٹھیں اور اپنے کردار و عمل سے قوم و ملت میں بیداری لائیں، اللہ تعالی ہمارے حال پر رحم فرمائے آمین
  

دستورِ درِ حضرتِ عثمان نہ چھوڑو
ایثار و سخا کا وہ گلستان نہ چھوڑو

رہبر ہے زمانے کے لیے جس کا اجالا
اخلاص کا وہ نیَّرِ ذیشان نہ چھوڑو

پڑھتے ہوئے قرآن ، ہوئی اُن کی شہادت
اے مومنو تم مر کے بھی قرآن نہ چھوڑو

کہتی ہے یہی حضرت عثمان کی سیرت
تم خوف سے سچائی کا ایوان نہ چھوڑو

وہ جامعِ قرآن ہیں دامادِ نبی ہیں
ایسے گلِ اوصاف کا دامان نہ چھوڑو
ناموس رسالت کے تحفظ میں کٹے عمر
یہ راہِ محبت کبھی اک آن نہ چھوڑو

توہینِ نبی ، ذرہ برابر نہ ہو منظور
مٹ جاؤ مگر غیرتِ ایمان نہ چھوڑو

ہر مصلحتِ وقت کو رد کر کے اٹھو تم
جاں دے کے بھی حق بات کا اعلان نہ چھوڑو

ہرحال میں دشمن پہ رہوگے تمہی غالب
بس عشقِ نبی کا کبھی میدان نہ چھوڑو

بات آئے اگر عزت و ناموسِ نبی کی
اِس راہ میں مر مٹنے کی پہچان نہ چھوڑو

کردار و عمل ، حضرتِ عثماں کا ہے بے مثل
تاعمر ، وہ تقوی کا خیابان نہ چھوڑو
وہ آج بھی ملت کی حمایت میں کھڑے ہیں
اُس مرد جری کا کبھی ایقان نہ چھوڑو

جن کے لیے سرکار نے لی بیعتِ رضواں
تم انکی وفاداری کا پیمان نہ چھوڑو

وہ ذات ، فرشتے بھی حیا کرتے ہیں جس سے
اَسرارِ حیا کا وہ دبستان نہ چھوڑو 

اسلام ہے اُس فطرتِ فیاض کا ممنون
تم ایسے سخی کا ، کبھی عرفان نہ چھوڑو

سینہ رہے آباد ، سدا حب نبی سے 
الفت کےحرم کو کبھی ویران نہ چھوڑو

جاری رہے ملت کے تمدن کی حفاظت
اسلام کی تہذیب کا سامان نہ چھوڑو

ہو ذکرِ خدا ، نعتِ نبی ، لب پہ مسلسل 
ہستی کی رگوں کو کبھی بے جان نہ چھوڑو

قرآن و سنن حق کے ترازو ہیں فریدی 
اشعار میں بھی اپنے یہ میزان نہ چھوڑو 


نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔

از : فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی، مسقط عمان

 96899633908+

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے