منقبت امیر المومنین سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ تعالٰی عنہ
( ولادت : 6/ سال بعد فیل ۔۔۔۔۔۔۔ وفات : 18/ ذی الحجہ 35 ھ )
( ولادت : 576ء تقریبا ۔۔۔۔۔۔۔ وفات : 20/ مئی 656 ء )
(مولانا محمد قاسم مصباحی ادروی)
اہل حق کے پیشوا عثمان ذی النورین ہیں
ماہِ طیبہ کی ضیا عثمان ذی النورین ہیں
نازش شرم و حیا عثمان ذی النورین ہیں
پیکرِ جود و سخا عثمان ذی النورین ہیں
اَشْبَهُ اَصْحَابِیْ بِیْ خُلُقًا سے یہ ظاہر ہوا
عکس خلقِ مصطفیٰ عثمان ذی النورین ہیں
عقد میں ان کے نبی کی آئیں دو شہ زادیاں
اس فضیلت میں جدا عثمان ذی النورین ہیں
ہوتیں گر چالیس بھی تو دیتے ان کے عقد میں
وہ پسند مصطفیٰ عثمان ذی النورین ہیں
کون ہے جس کی حیا کا ہے فرشتوں کو لحاظ
وہ عفیف و باحیا عثمان ذی النورین ہیں
سید عالم بنائیں خلد میں اپنا رفیق
جن کو یہ رتبہ ملا عثمان ذی النورین ہیں
ان کا دست پاک ٹھہرا دست پاک مصطفیٰ
کیا عجب شانِ خدا عثمان ذی النورین ہیں
کیوں نہ ہو اللّٰہ راضی حضرت عثمان سے
اس کے پیارے کی رضا عثمان ذی النورین ہیں
دی رسول اللہ نے جن کی شہادت کی خبر
وہ شہیدِ با وفا عثمان ذی النورین ہیں
کاتب وحی الٰہی، جامعِ قرآن بھی
محسن دین ہدی عثمان ذی النورین ہیں
جس نے دو دو مرتبہ جنت خریدی شاہ سے
وہ امام الاسخیا عثمان ذی النورین ہیں
حضرتِ صدِّیق اور فاروقِ اعظم کے مشیر
بازوۓ شیرِ خدا عثمان ذی النورین ہیں
جس کا نقش پا ہے قاسم! راستہ اللہ کا
وہ ہمارے رہ نما عثمان ذی النورین ہیں
1 تبصرے
ماشاء اللہ بہت عمدہ منقبت ہے ،اللّٰہ تعالیٰ سے دعا گو ہ ہوں کہ وہ آپ کے علم و فضل میں مزید اضافہ فرمائیں اور آپ کے ذریعے دین اسلام کی تبلیغ فرمائے آمین یا رب العالمین
جواب دیںحذف کریںالسلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ