Advertisement

منقبت امیر المؤمنین امام العادلین خلیفۂ دوم سیدنا فارووق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ


منقبت 

امیر المؤمنین امام العادلین خلیفۂ  دوم سیدنا فارووق اعظم

 رضی اللہ تعالی عنہ 

( ولادت : واقعۂ فیل کے تیرہ سال بعد  ۔۔۔۔۔۔۔ شہادت : 28 ذی الحجہ، 23 ہجری  )


 شہنشاہِ مدینہ کی دعا فاروقِ اعظم ہیں
بلا شبہہ مرادِ مصطفی فاروقِ اعظم ہیں 

خدا نے قوتِ اسلام کی خاطر چنا ان کو 
یہ سچ ہے انتخابِ کبریا فاروقِ اعظم ہیں
 
محبِّ مرتضیٰ رکھے عمر سے بغض، نا ممکن 
کہ دامادِ علیِ مرتضیٰ فاروق اعظم ہیں 

جو بعدِ مصطفی کوئی نبی ہوتا ، عمر ہوتے 
سمجھ میں آ نہیں سکتا کہ کیا فاروق اعظم ہیں 

کیا اللّٰہ نے ان کی زبان و دل پہ حق جاری 
مزاجِ حق سے ایسے آشنا فاروق اعظم ہیں 

عمر کے دشمنوں کے واسطے ہے آتشِ دوزخ 
خدا کو اتنے پیارے با خدا فاروق اعظم ہیں 

بلاشبہہ ہوئی مرفوع ان سے ملتِ بیضا 
یقینا رافعِ دینِ ہدٰی فاروق اعظم ہیں 

جمالِ مصطفائی کی تجلی حضرتِ صدیق 
جلالِ موسوی کا آئِنہ فاروق اعظم ہیں 

ہیں افضل حضرتِ صدیق بعدِ انبیا واللّٰہ 
پھر ان کے بعد عالی مرتبہ فاروق اعظم ہیں 

لرز جاتے ہیں جن کا نام سن کر قیصر و کسری 
ہے جن کا ایسا رعب و دبدبہ فاروق اعظم ہیں 

وہ جن کی ذات پر خود ہی عدالت ناز کرتی ہے 
نہیں جن سا کوئی عادل ہوا فاروق اعظم ہیں 

عمر کو دیکھ کر شیطاں نہ کیوں رستے سے کترائے
کہ اس کے واسطے قہرِ خدا فاروق اعظم ہیں 

ہماری مشکلیں کیسے نہ مشکل میں پڑیں قاسم !
خدا کے فضل سے مشکل کشا فاروق اعظم ہیں 


نتجۂ فکر: مولانا محمد قاسم مصباحی ادروی
استاذ : جامعہ اشرفیہ مبارک پور ، اعظم گڑھ ، یوپی ، انڈیا ۔

پیش کش : فرحان امجد قادری رضا نگر ادری ، مئو ، یوپی۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے