بھائی ایک سچا معاون
از : مولانا محمد ہارون مصباحی فتح پوری
استاذ : الجامعۃ الا شرفیہ مبارکپور، اعظم گڈھ، یوپی، انڈیا ۔
19/ دسمبر، 2021
باپ کے بعد بھائی ہی وہ انسان ہوتا ہے جو ہماری کامیابی کے لیے کوشش بھی کرتا ہے اور دعا بھی، جو ہماری خوبیوں اور صلاحیتوں کا اعتراف بھی کرتا ہے اور دوسروں سے بیان بھی، جو ہمیں ہر اس نفع میں کھلے دل سے شریک کر لیتا ہے جو اسے حاصل ہو رہا ہو۔
دنیا میں ایک ایسا بھی انسان گزرا ہے جس نے اپنے بھائی کو دنیا و آخرت کا سب سے بڑا منصب دلوا کر انسانی تاریخ میں اخوت کے رشتے کو معراج عطا کر دی۔ وہ عظیم ہستی ہے حضرت موسیٰ علی نبينا و عليه الصلاة و السلام کی جنھوں نے اپنے بھائی حضرت ہارون علیہ السلام کے لیے بارگاہ رب العزت میں منصب نبوت کی دعا کی جو قبول ہو گئی۔
قرآن کریم میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی اپنے بھائی حضرت ہارون علیہ السلام کے لیے دعا کا ذکر یوں ہے:
وَٱجۡعَل لِّي وَزِيرٗا مِّنۡ أَهۡلِي. هَٰرُونَ أَخِي. ٱشۡدُدۡ بِهِۦٓ أَزۡرِي. وَأَشۡرِكۡهُ فِيٓ أَمۡرِي. (سورۂ طٰهٰ، ۲۹-۳۲)
"(میرے رب!) اور میرے لیے میرے گھر والوں میں سے ایک معاون بنا دے، ہارون کو جو میرا بھائی ہے، اس کے ذریعے میری کمر مضبوط کر دے اور اسے میرے کام میں شریک کر دے۔"
روایت میں آتا ہے کہ ایک بار حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا عمرے کے ارادے سے روانہ ہوئیں، دوران سفر ایک اعرابی کے یہاں مقیم تھیں کہ ایک آدمی کو دیکھا جو لوگوں سے پوچھ رہا ہے کہ دنیا میں کس بھائی نے اپنے بھائی کو سب سے زیادہ نفع پہنچایا ہے؟ اس سوال پر سب خاموش ہو گئے اور بولے کہ ہمیں اس کا علم نہیں۔ اس آدمی نے کہا کہ اللہ کی قسم مجھے معلوم ہے۔
سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے اپنے دل میں سوچا کہ یہ شخص ان شاء اللہ کہے بغیر قسم کھا رہا ہے تو ضرور اسے معلوم ہوگا۔
لوگوں نے اس سے پوچھا کہ بتاؤ، کون ہے وہ ؟ اس نے جواب دیا کہ وہ موسیٰ علیہ السلام ہیں کیوں کہ انھوں نے اپنے بھائی کو اپنی دعا سے نبوت جیسا سب سے عظیم منصب دلوایا ہے۔
سیدہ عائشہ فرماتی ہیں کہ یہ سن کر میں نے دل میں سوچا کہ واقعی بات تو اس نے سچ کہی، واقعتا اس سے زیادہ کوئی بھائی اپنے بھائی کو نفع نہیں پہنچا سکتا ہے۔ (تفسیر ابن کثیر، سورہ طہ)
وفا، خلوص، محبت ہے خون میں شامل
حبیب بھائی سے بڑھ کر کوئی نہیں ہوتا
0 تبصرے
السلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ