کورونا کرفیو کے زمانے میں جماعت اور جمعہ کا حکم
بے بس ہونے کی وجہ سے گھروں میں جماعت سے یا تنہا تنہا
نماز پڑھنے اور جمعہ کے بدلے ظہر ادا کرنے کی اجازت
از : حضور سراج الفقہاء مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی
شیخ الحدیث و صدر شعبۂ افتا جامعہ اشرفیہ مبارک پور، اعظم گڑھ، یوپی، انڈیا۔
24/ مارچ 2020ء تا 14 اپریل 2020ء کورونا کرفیو/لاک ڈاؤن کا اعلان کل ہند سطح پر ہوتے ہی پولیس کا محکمہ اس کی تنفیذ کے لیے حرکت میں آ چکا ہے اور پانچ آدمیوں سے زیادہ جماعت میں شریک ہونے پر لازمی طور پر پابندی عائد ہو چکی ہے خلاف ورزی کی صورت میں امام اور نمازیوں کی گرفتاری بھی سننے میں آ رہی ہے اور کہیں کہیں مساجد میں تالے بھی لگا دیے گئے، کچھ جگہوں پر ہمارے نمائندہ وفد جمعہ اور جماعت حسب معمول قائم رکھنے کے لیے انتظامیہ سے ملے مگر اجازت نہ ملی، اب آخری راہ یہ ہے:
1- پہلے ہر علاقے میں نمائندہ وفد پولیس افسران سے مل کر نرمی کے ساتھ درخواست پیش کرے اور کوشش کرے کہ حسب معمول جمعہ و جماعت کی اجازت مل جائے۔ خدا کرے اجازت مل جائے تو وہاں مسلمان حسب معمول جمعہ و جماعت جاری رکھیں۔
2- کوشش کے باوجود اجازت نہ ملے تو پولیس سے نہ الجھیں اور نظم و نسق بہر حال قائم رکھیں۔
اس صورت میں جتنے لوگوں کو جمعہ اور جماعت میں شرکت کی اجازت ہو اتنے لوگ جمعہ اور جماعت قائم کر کے مساجد آباد رکھیں، اذانیں بھی پابندی سے جاری رکھیں، خطبہ اور نماز جمعہ کے وقت مسجدوں کے دروازے کھلے رہیں یا کم از کم اندر سے کنڈی نہ لگائیں کہ مقیمین جمعہ کی طرف اذن عام حاصل رہے۔
باقی لوگ اپنے اپنے گھروں میں جمعہ کے بدلے ظہر تنہا تنہا پڑھیں، اور دوسری نمازیں جماعت سے پڑھیں اگر امام ملے ورنہ تنہا تنہا بھی پڑھ سکتے ہیں۔
عذر اور بے بسی کی صورت میں جماعت کا وجوب ساقط ہو جاتا ہے اور جمعہ کے بدلے ظہر کی اجازت ہوتی ہے۔
3- جمعہ کے بدلے ظہر کی نماز، نماز جمعہ پوری ہونے کے بعد پڑھیں، پہلے ہر گز نہ پڑھیں۔ جمعہ قائم کرنے کے لیے کچھ شرائط ایسی ہیں جو گھروں اور بلڈنگوں میں پوری نہیں ہو سکتیں؛ اس لیے ظہر ہی پڑھیں۔
4- جو لوگ کھانسی، زکام اور سانس کے مریض ہیں وہ فی الحال مسجدوں کی جماعت سے پرہیز کریں۔ اپنے اپنے گھر تنہا تنہا پڑھیں۔ و اللّٰہ تعالیٰ اعلم۔
29/ رجب المرجب 1441ھ
25/ مارچ 2020ء بعد نماز عشاء۔
0 تبصرے
السلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ