If you do not know how to read the Urdu language, Click the video below.
ڈھول تاشہ بجانا کیسا ہے؟ | کیا مرثیہ و نوحہ پڑھنا اور سننا جائز ہے؟
مسئلہ :
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں :
قربانی سے لے کر عاشورۂ محرم تک ڈھول تاشہ بجانا اور شب عاشورہ میں تعزیہ کے پیچھے پیچھے مردوں، عورتوں کا ڈھول تاشہ بجاتے اور مرثیہ گاتے ہوئے جانا کیسا ہے ؟
الجواب :
قربانی سے لے کر عاشورۂ محرم تک ڈھول بجانا اور شب عاشورہ میں تعزیہ کے پیچھے پیچھے مردوں، عورتوں کا ڈھول تاشہ بجاتے اور مرثیہ گاتے ہوئے جانا یہ سب ناجائز وگناہ ہیں۔ حضور صدرالشریعہ علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں : "ڈھول بجانا، عورتوں کا گانا یہ سب حرام ہیں"۔(فتاوی امجدیہ جلد چہارم صفحہ75)۔
اور اعلی حضرت محدث بریلوی رضی عنہ ربہ القوی تحریر فرماتے ہیں : "ڈھول بجانا حرام ہے"۔ ( فتاوی رضویہ جلد نہم نصف اول صفحہ 189)۔
اور حضور صدرالشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ : "تعزیوں کے پاس مرثیہ پڑھا جاتا ہے اور تعزیہ جب گشت کو نکلتا ہے اس وقت بھی اس کے آگے مرثیہ پڑھا جاتا ہے غلط واقعات نظم کۓ جاتے ہیں اہل بیت کرام کی بے حرمتی اور بے صبری اور جزع و فزع کا ذکر کیا جاتا ہے یہ سب ناجائز وگناہ کے کام ہیں"۔( بہار شریعت حصہ شانزدہم صفحہ 248)۔
اور اعلی حضرت محدث بریلوی رضی عنہ ربہ القوی تحریر فرماتے ہیں : "مرثیے کا پڑھنا سننا سب گناہ وحرام ہے"۔حدیث میں ہے :
"نهى رسول الله صلى الله عليه وسلم عن المراثي" ۔
"یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرثیوں سے منع فرمایا"۔ (فتاوی رضویہ جلد نہم نصف اول صفحہ 88)۔
والله تعالى أعلم۔
حوالہ :
فتاوی فقیہ ملت معروف بہ فتاویٰ مرکز تربیت افتاء، جلد اوّل، صفحہ : 54 و 55، مطبوعہ : شبیر برادرز اردو بازار لاہور۔
نیچے واٹس ایپ ، فیس بک اور ٹویٹر کا بٹن دیا گیا ہے ، ثواب کی نیت سے شیئر ضرور کریں۔
0 تبصرے
السلام علیکم
براے کرم غلط کمینٹ نہ کریں
شکریہ