Advertisement

سنی عالم کو دیوبندی کہنا اور غیر محرم عورتوں سے مصافحہ کرنا کیسا ہے ؟


  سنی عالم کو دیوبندی کہنا اور غیر 

 محرم عورتوں سے مصافحہ کرنا کیسا ہے ؟


 مسئلہ : 

    (1)        زید ایک سنی عالم کو دیوبندی کہ رہا ہے کہ تم دیوبندی  ہو، شریعت کیا حکم دیتی ہے؟ اس زید کے بارے میں کہ زید کیا ہے جب کہ لوگوں نے اس بات پر بھی دباؤ ڈالا، مگر اس بات کو نہ مان کر دیوبندی کہ رہا ہے۔

 (2)        اور اس کے ساتھ ساتھ عمرو، زید وغیرہ وغیرہ نے بکر کو اپنے اپنے گھر تک لے جا کر عورتوں سے مصافحہ  کروایا اور بہت سے لوگ بھی شامل تھے ، اور جب کہ بکر نے سب کو سمجھایا اس مسئلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے جشن عید کے موقع پر عمرو، زید وغیرہ وغیرہ لوگوں نے سلام و مصافحہ کروایا، تو شریعت کے ماتحت جواب سے نواز کر شکر یہ کا موقع دیں۔

 الجواب : 

 (1)  ز ید نے جسے دیوبندی کہا اگر وہ واقعی سنی صحیح العقیدہ ہے تو اگر زید نے یہ اعتقاد کر کے اس کو دیوبندی کہا کہ واقعی  وہ دیوبندی ہے تو زید کافر ہوگیا اور اگر بطور  سب و شتم کہا تو کافر نہ ہوا مگر گنہگار ضرور ہوا ۔در مختار میں ہے : "و عزر الشاتم بيا كافر ، و هل يكفر ؟ إن اعتقد المسلم كافرا نعم و إلا لا ". اور "اے کافر" کہ کر گالی دینے والے کو سزا دی جائے گی ـ اور کیا وہ کافر ہوجائے گا ؟ ہاں اگر مسلمان کو کافر اعتقاد کرے ورنہ نہیں ۔ اتنا بہر حال واجب ہے کہ زید توبہ کرے اور ان عالم سے معافی مانگے۔ واللہ تعالی اعلم ۔

  

(2)       بکر غیر محرم عورتوں کے ساتھ مصافحہ کرنے کی وجہ سے گنہگار و فاسق ہوا، اجنبی مرد کو اجنبی عورتوں کے ساتھ مصافحہ کرنا حرام وگناہ ہے اور زبردستی کی بات سخن سازی ہے کس نے بکر کی گردن پر تلوار رکھ دی تھی کہ میرے گھر کی عورتوں سے مصافحہ کرو ورنہ مار ڈالوں گا - زبردستی کے معنی بھی لوگ نہیں جانتے بکر اور عمرو جنھوں نے بکر کو اپنے گھروں میں لے جاکر اپنی عورتوں سے مصافحہ کرایا سب توبہ کریں -  واللہ تعالی اعلم۔

حوالہ : 

 فتاوی شارح بخاری جلد دوم، صفحہ 473 ، مطبوعہ  : دائرۃ البرکات،  گھوسی،  ضلع مئو ۔


ایڈیٹر : مولانا محمد مبین رضوی مصباحی

ٹائپنگ : مولانا مظفر حسین مرادآباد

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے